ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سنگولی راینا برگیڈ کی سرگرمیاں جاری رہیں گی: ایشورپا

سنگولی راینا برگیڈ کی سرگرمیاں جاری رہیں گی: ایشورپا

Sun, 05 Mar 2017 11:14:50    S.O. News Service

بنگلورو،4مارچ(ایس او نیوز)ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپااور کونسل کے اپوزیشن لیڈر کے ایس ایشورپا کے درمیان سنگولی راینا برگیڈ کی سرگرمیوں کے متعلق ہوئی مصالحت اب ختم ہوتی نظر آرہی ہے، کیونکہ آج ایشورپا نے ایک بار پھر اعلان کیا کہ کسی بھی حال میں سنگولی راینا برگیڈ کی سرگرمیاں رکنے والی نہیں ہیں۔ آج شہر میں سنگولی راینا برگیڈ کے نئے عہدیداروں کو ذمہ داری سونپنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایشورپا نے کہاکہ بی جے پی کے قومی صدر امیت شا نے خود سنگولی راینا برگیڈ کی سرگرمیاں جاری رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے صرف یہی کہا ہے کہ سنگولی راینا برگیڈ کو بطور غیر سیاسی ادارہ آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کبھی سرگرمیاں مکمل طور پر بند کرنے کی ہدایت نہیں دی۔ ایشورپا نے کہاکہ سنگولی راینا برگیڈ کسی کے خلاف نہیں ہے، میڈیا نے یہ تاثر قائم کرنے کی کوشش کی ہے کہ یہ یڈیورپا کے خلاف ہے۔انہوں نے کہاکہ پسماندہ طبقات اور دلتوں کو انصاف دلانے کیلئے یہ برگیڈ وجود میں لائی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا کا یہ تاثر بھی بے بنیاد ہے کہ سنگولی راینا برگیڈ میں اختلافات ہیں۔ آنے والے دنوں میں ہر تعلق اور ہر اسمبلی حلقہ کی سطح پر سنگولی راینا برگیڈ کی سرگرمیوں کو وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس برگیڈ کے ذریعہ وہ تمام بی جے پی کارکنوں کو انصاف دلانے کی کوشش کریں گے۔ سنگولی راینا برگیڈ کی سرگرمیوں میں شرکت کے نتیجہ میں جن پارٹی کارکنوں کو معطل کیاگیا ہے ان تمام کی معطلی واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایشورپا نے کہاکہ اس سلسلے میں جلد ہی وہ ریاستی بی جے پی صدر یڈیورپا سے بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سنگولی راینا برگیڈ کا مقصد صرف بڑے بڑے جلسے کرنا نہیں ہے بلکہ دلتوں اور پسماندہ طبقات کو منظم کرنا ہے، آنے والے دنوں میں سنگولی راینا برگیڈ اپنی سرگرمیوں کیلئے بڑے پیمانے پر چندہ جمع کرنے کی مہم چلائے گا۔ اس موقع پر ایشورپا نے وزیر اعلیٰ سدرامیا سے مطالبہ کیا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے کروائے گئے ذات پات کے سروے کے اعداد وشمار منظر عام پر لائے جائیں۔ خود سدرامیا نے کونسل میں یہ یقینی دہانی کرائی ہے کہ اعداد و شمار ملنے کے بعد اسے منظر عام پر لایا جائے گا۔اب جبکہ رپورٹ حکومت کو مل چکی ہے اسی لئے یہ اعداد وشمار ظاہر کئے جائیں۔انہوں نے کہاکہ وزیر سماجی بہبود ایچ آنجنیا نے بھی دس دن کے اندر رپورٹ ظاہر کرنے کا وعدہ کیا، لیکن یہ وعدہ اب تک پورا نہیں ہوپایا ہے۔


Share: